کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہ ہونے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے سامنے شکایتوں کے انبار لگادیئے جس پر انہوں نے قائم علی شاہ کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلٰی سندھ کے درمیان صوبے بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر قائم علی شاہ نے چوہدری نثار سے وفاق کی جانب سے روا رکھے گئے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس دہشت گردوں کے خلاف براہ راست لڑ رہی ہے لیکن صورت حال یہ ہے کہ وفاق اس سلسلے میں کوئی مدد نہیں کررہا، اس کے علاوہ وفاق ان وعدوں کو بھی پورا نہیں کررہا جن کی کئی مرتبہ یقین دہانی کرائی جاچکی ہے۔ اس موقع پر چوہدری نثار نے انہیں پھر یقین دہانی کرائی کہ وہ سندھ حکومت کی شکایت سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار رینجرز ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے ان کا استقبال کیا، وزیرداخلہ نے سندھ رینجرز کی یارگار شہداء پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، جس کے بعد وفاقی وزیر کو سانحہ صفورا کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت اور کراچی آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چوہدری نثار نے کراچی میں امن و امان کی صورت حال میں بہتری کے لئے رینجرزکے کردار کو سراہتے ہو ئے کہا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات ٹھوس بنیادوں پر کی گئی تو ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکتا ہے۔