سری نگر (جیوڈیسک) بھارت نے ایک بار پھر جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی جموں و کشمیر شاخ نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی جو اپنی علیل بیٹی سے ملاقات کےلیے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں سے کہا کہ جب تک بزرگ رہنما بھارت کو اپنا وطن تسلیم نہیں کرتے انھیں پاسپورٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔
بی جے پی کے ترجمان خالد جہانگیر نے کہا کہ جب تک سید علی گیلانی اپنے بھارت مخالف موقف پر معافی نہیں مانگیں گے اور اپنے آپ کو بھارتی شہری تسلیم نہیں کرتے تب تک انھیں پاسپورٹ نہیں دیا جائے گا۔
بھارتی پاسپورٹ بھارت کے شہریوں کو ملتا ہے نہ کہ انھیں جو ملک کے آئین اور شہریت کو تسلیم نہیں کرتے، جب تک گیلانی گزشتہ 25 برس کے دوران بھارت مخالف سرگرمیوں پر معافی نہیں مانگیں گے انھیں کسی بھی صورت میں پاسپورٹ نہیں ملے گا۔
واضح رہے کہ سید علی گیلانی اور ان کی اہلیہ نے پاسپورٹ کے حصول کےلیے درخواست دے رکھی ہے جس پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
دریں اثنا بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کے فوجی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کےلیے تحریک آزادی کی جدوجہد میں استقامت و استقلال سے ڈٹ جانے کی ضرورت ہے۔ کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد سے بھارت کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔