سبی (محمد طاہر عباس) شتر مرغ کو لانے کا مقصد ان کی نسل کو بڑھا کر لوگوں کو فراہم کرنا ہے شتر مرغ کا گوشت دل کے مریضوں کیلئے بہت مفید ہے شتر مرغ کے گوشت کا ذائقہ بیف کے گوشت کی طرح ہوتا ہے اور یہ گوشت ریڈ میٹ میں شمار ہوتا ہے شتر مرغ کی خوبی یہ ہے کہ یہ کم غذا کھاتے ہیں اور جلدی بڑھتے ہیں ان خیالات کاا ظہار سپرنٹنڈنٹ بیف سنٹر ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ نے شتر مرغ فارم میں صحافیوں کو شتر مرغ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر جان محمد صافی، ڈاکٹر ریحان خلجی ، ڈاکٹر سید زاہد شاہ، بھی موجود تھے سپرنٹنڈنٹ بیف سنٹر ڈاکٹر عبدالواحدبلوچ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ایڈوائزر و صوبائی وزیر لائیو سٹاک عبیداللہ بابت کی خصوصی ہدایت پر سیکریٹری لائیو سٹاک محمد صدیق مندوخیل نے سبی میں شتر مرغ کی فارمنگ شروع کرنے کیلئے سبی بیف سنٹر کیلئے دو جوڑے شتر مرغ فراہم کیے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں فراہم کیے جانے والے شتر مرغ کے جوڑوں کی عمریں دو ماہ سے زائد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دوسال کی عمر میں بالغ ہوکر انڈے دینا شروع ہوجاتے ہیں اور مادہ شتر مرغ ہر بیالیس دن بعد دس انڈے دیتی ہے جبکہ ایک سال میں ساٹھ انڈے دیتی ہے اور شتر مرغ کے انڈے زرخیز ہوتے ہیں اور پچانوے فیصد انڈوں میں سے بچے نکل آتے ہیں انہوں نے کہا کہ شترمرغ میں گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت بھی بہت زیادہ ہے انہوںنے شتر مرغ کے حوالے سے مزید بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شتر مرغ کا گوشت پندرہ سو روپے فی کلو فروخت ہوتا ہے اور اس کا انڈہ ایک سے دوکلو گرام کا ہوتا ہے جس کی قیمت دو سے اڑھائی ہزار روپے ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ شتر مرغ کے پروں سے گھروں کی آرائش کا سامان بھی بنایا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ جب شتر مرغ بالغ ہوجاتے ہیں تو ایک شتر مرغ کا وزن ایک سو چالیس کلو گرام ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ شتر مرغ کاگوشت ریڈ میٹ میں شمار ہوتا ہے اور اس کے گوشت میں ایک فیصد کولیسٹرول ہوتا ہے جبکہ چربی کی مقدار بھی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شتر مرغ کو پالنے کے دو طریقے ہیں ایک کمروں میں اور ایک باہر بھی اور ان کی خوراک برائیڈر فیڈ اور گھاس ہے ان کو پالنے کا خرچہ بہت کم ہے انہوں نے کہا کہ شتر مرغ ستر کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھاگتا ہے اور دو ماہ کے شتر مرغ کی قیمت پندر ہ ہزار روپے تین ماہ کی بیس ہزار ہے جبکہ تین ماہ کے بعد ان کے مرنے کے مواقع کم ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ بالغ شتر مرغ کی قیمت ایک لاکھ روپے ہے اور ایک بالغ شتر مرغ سے ستر کلو گرام گوشت نکلتا ہے۔