Ch Shujaat Hussain Ch Pervez Alahi And Musharraf Meating
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پیر پگارا ‘چوہدری شجاعت اور دیگر اہم سیاسی شخصیات کی مشرف سے ملاقات‘ قومی امور پر تبادلہ خیال ‘ تمام مسلم لیگی دھڑوں کو متحدکرنے پر اتفاق اور لائحہ عمل کی تیاری۔
تفصیلات کے مطابق روز افزوں بد سے بد ترین ہوتی ہوئی معاشی و سیاسی صورتحال ‘ بگڑتے ہوئے قومی حالات ‘ بڑھتی ہوئی دہشتگردی و لاقانونیت اور قومی سلامتی کو لاحق بد ترین خطرات محب وطن قومی سیاسی قوتوںکے ایسے وسیع تر اتحاد کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں جس کی قیادت بے خوف ونڈر اور معاملہ فہم و عالمی کردار کے حامل قومی رہبر و رہنما کے پاس ہو یہی وجہ ہے کہ سابق صدر پاکستان پرویز مشرف سے سینئر قومی سیاستدانوں نے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
چوہدری شجاعت و چوہدری پرویز الٰہی نے کراچی پہنچ کر پیر پگارا کے ہمراہ پرویز مشرف سے ملاقات کی اور قومی وسیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ گزشتہ روز مسلم لیگ چٹھہ گروپ کے رہنما اقبال ڈاراور سابق نائب ناظم کراچی و ق لیگ کے رہنما طارق حسن نے بھی پرویز مشرف سے ملاقات کی تھی جبکہ اس موقع پر اے پی ایم ایل سندھ کے جنرل سیکریٹری شاہد قریشی ‘ سیکریٹری انفارمیشن طاہر حسین سید اور اسلم مینائی بھی مشرف کے ہمراہ موجود تھے۔ با خبر ذرائع اور سینئر تجزیہ نگاروں کے مطابق سینئر سیاستدانوں کی سابق صدر سے ملاقات قومی سیاسی صورتحال میں نئی صف بندی کا پتا دے رہی ہے جو بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔