کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شہر کراچی میں قلت آب کو سندھ حکومت کی انتظامی نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر مین فراہمی آب کا مصنوعی بحران پیدا کرکے سندھ کے حکمراں کراچی کو تھر میں تبدیل کرکے عوام کو پیاسا مارنا چاہتے ہیں۔
شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں کا تفصیلی دورہ کرکے فراہمی آب کے حوالے سے عوامی شکایات سنتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سہولیات کی فراہمی پر مامور ادارے عوام کو سہولت پہنچا نے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں انتظامی نا اہلی کی وجہ سے شہری علاقے کچرے کے ڈھیر اور علاقائی ترقی عمل منجمد ہونے کی وجہ سے کھنڈات میں تبدیل ہورہے ہیں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ شہر کراچی میں پانی کے بحران سے چھٹکارہ پانے کے لئے ترسیلی نظام کو درست کیا جائے نا کارہ موٹروں کی تبدیلی اور درستگی کو یقینی بنا کر شہر سے پانی کے بحران کو حل کیا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے علاقائی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ سندھ حکومت عوامی سہولت کی فراہمی اور شہر کی ترقی میں مکمل ناکام ہوچکی ہے انہوں نے کہاکہ سندھ کے حکمراں شہری اور دیہی علاقوں میں روز مرہ بنیادی ضروریات کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل اور محرمیوں سے نجات دلا ئیں ورنہ عوام اپنے مسائل سے نجات اور بنیادی ضروریات کے حصول کے لئے سڑکوں پر سراپا احتجاج ہونگے نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ سندھ حکومت شہری سندھ کے عوام کو لاوارث نہ سمجھے اور عوام کے خلاف سازش سے باز رہے۔ انہوں نے کہاکہ پینے کے صاف پانی کا حصول عوام کا بنیادی حق اور حکمرانوں کی ذمہ داری ہے اس سے رو گردانی کرکے وہ اپنے اقتدار کو مزید طول نہیں دے سکتے۔