کراچی (جیوڈیسک) لیاری میں رینجرز اور گینگ وار کے درمیان مقابلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کا تعلق گینگ وار کے ارشد پپو گروپ سے ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے لیاری کے مختلف علاقوں چاکیواڑہ اور جان آباد میں کارروائی کی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کا تعلق ارشد پپو گروپ سے ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو علاقے میں موجود ملزمان نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد رینجرز کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی اور دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے جن کی شناخت ریاض اور جمال کے نام سے ہوئی۔ ترجمان کے مطابق ملزمان 20 قتل، اغوا اور دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔
ترجمان کے مطابق جان آباد میں بھی رینجرز سے مقابلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کی شناخت قدیر، شکیل اور بشیر عرف بھگوان کے نام سے ہوئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان 60 سے زائد قتل، بھتہ خوری اور دیگر واقعات میں ملوث ہیں جب کہ ہلاک ملزم بشیر عرف بھگوان گزشتہ دنوں ہلاک ہونے والے دہشت گرد اورنگزیب عرف اورنگی کا قریبی ساتھی تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ رینجرز سے مقابلے کے دوران 3 سے 4 دہشت گرد فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے قریبی علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔