لاہور (جیوڈیسک) پاکستان نے اوپنر احمد شہزاد اور مختار احمد کی شاندار بلے بازی کی بدولت پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو شکست دیدی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کے کپتان چگمبورا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورزمیں 6 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے، زمبابوے کی جانب سے چگمبورا نے 54 جب کہ مساکیڈزا نے 43 رنز اسکور کئے۔ محمد سمیع نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور شعیب ملک کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اورمختار احمد میدان میں اترے جنہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 142 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، احمد شہزاد 55 اورمختار احمد 83 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ 12 عمر اکمل 4 اور شعیب ملک 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
قذافی اسٹیڈیم شائقین کرکٹ سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جب کہ تماشائیوں نے مہمان زمبابوین ٹیم کو پلے کارڈز اٹھا کر خوش آمدید کہا، تماشائیوں نے اپنے چہرے پر پاکستان اور زمبابوے کے پرچم پینٹ کرار کھے تھے جب کہ اس دوران گراؤنڈ میں جشن کا سماں رہا۔