سکھر (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اقتدار کے حصول کے لئے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔
سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں 18 گھنٹے تک ہونے والی لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری عذاب کی زندگی گذار رہے ہیں، نوازحکومت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی یقین دہانی پرعوام سے ووٹ لئے لیکن لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت عوام سے کئے ہوئے کئی وعدے پورے نہی کئے۔
24 گھنٹے، 3 ماہ اور 6 چھ ماہ میں بجلی بحران کا خاتمہ کرنے کا دعوی کرنے والے اب بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لئے 3 سال کا وقت مانگ رہے ہیں، لاہور میں احتجاج کے دوران ہاتھ سے پنکھا جھلنے والے بھی کہیں غائب ہوگئے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نے ماڈل ٹاؤن واقعے کی تحقیقات کے بعد وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کو بری کیا ہے،طاہرالقادری کو تحقیقات پراعتماد نہیں تو وہ عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔