لاہور (جیوڈیسک) برصغیر کے کامیڈی لیجنڈ رنگیلا کی 10 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
رنگیلا کا اصل نام محمد سعید خان تھا اوروہ دنیا کے واحد فنکار تھے جنھوں نے عملی طور پر فلم میکنگ کے ہر شعبے میں نمایاں حیثیت سے نام کمایا۔ رنگیلا کا تعلق صوبہ سرحد کے پسماندہ علاقے سے تھا ۔لاہور میں انھوں نے سب سے پہلے سینما بورڈز کی تشکیل یعنی پینٹنگ آرٹ پر محنت کی اور مشہور آرٹسٹ آزاد کی شاگردی کی۔ ان کی فلمی زندگی کا آغاز ایم جے رانا کی فلم ’’جٹی‘‘ سے ہوا۔
1969ء میں اپنی ایک فلم ’’دیا اور طوفان‘‘ پروڈیوس کی اور صرف یہی نہیں بلکہ بحثیت گلوکار بھی انھوں نے عوامی مقبولیت کی سند حاصل کی، اپنی آواز میں’’گا میرے منوا گاتا جا‘ جانا ہے ہم کا دور‘‘مشہور ہوئے۔ ہر دلعزیز فنکار رنگیلا 24 مئی 2005ء کوانتقال کرگئے۔
اداکارہ ریما ، پرویز کلیم ، الطاف حسین، نیئر اعجاز، رشید ساجد ، نشو بیگم ،بہار بیگم ، اسد بخاری، دردانہ رحمان ، بی جی، امان اللہ، قوی خاں، مصطفی قریشی، غلام محی الدین سمیت دیگر فنکاروں نے برسی کے حوالے سے عظیم فنکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ رنگیلا کی زندگی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔