تیز رفتاری ، مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ، 42 افراد زخمی

Mansehra

Mansehra

مانسہرہ (جیوڈیسک) تیز رفتاری جان کی دشمن بن گئی ، مانسہرہ ، کرک ، شانگلہ ، بدین اور پھول نگر میں مختلف حادثات ، چھ افراد لقمہ اجل بن گئے ، 42 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ٹریفک حادثات میں لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع روز کا معمول بن گیا۔ کرک میں پنوس روڈ پر تیز رفتار گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس سے تین افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مانسہرہ میں پارس کے علاقے میں گاڑی دریائے کنہار میں گرنے سے پانچ افراد ڈوب گئے ، مقامی افراد نے دو افراد کو بچا لیا۔

حادثہ کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق راولپنڈی سے ہے ، دوسری طرف سوات کے علاقے شانگلہ میں الپوری کے مقام پر پک اپ کھائی میں گر گئی جس سے بارہ افراد زخمی ہوگئے۔ بدین کے علاقے ٹنڈو غلام علی میں ماتلی روڈ پر بس الٹنے سے سولہ مسافر زخمی ہوگئے ، امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا ۔ پھول نگر بائی پاس کے قریب تیز رفتار وین الٹنے سے سات افراد زخمی ہوگئے۔