اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خان نے پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری کوعہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور نئے سیکریٹری اطلاعات کے لیے رکن قومی اسمبلی شفقت محمود کے نام کی منظوری جلد دے دی جائے گی جبکہ عمران خان کے لیے دوبارہ سے ترجمان کے لیے نعیم الحق کا نام زیرغور ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنما جسٹس (ر) وجیہہ الدین کی رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے اتوار کو عمران خان نے پارٹی کی متعدد صوبائی تنظیموں کو توڑ کر عبوری ناموں کا اعلان کر دیا تھا اب اگلے مرحلے میں سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری کوان کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان کی جگہ شفقت محمود کو دوبارہ پارٹی کا سیکریٹری اطلاعات مقرر کیا جائے گا۔ شفقت محمود 2013ء کے انتخابات سے قبل عمر چیمہ کی جگہ پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات بنے تھے تاہم انتخابات میں حصہ لینے کے باعث ان کی جگہ شیریں مزاری کویہ ذمے داری سونپی گئی تھی۔