ٹنڈوآدم (کامران انصاری) ٹنڈوآدم کے شہریوں اور سماجی تنظیموں کا بلا امتیاز غیر قانونی انکروچمنٹ کے خلاف کاروائی پر اسسٹینٹ کمشنر، چیف میونسپل آفیسر اور مختیارکار سے اظہار تشکر ،شہر میں جگہ جگہ تعریف کے پوسٹر چسپاں،تفصیلات کے مطابق ٹنڈوآدم کے شہریوں اور سماجی تنظیموںکے طرف سے ٹنڈوآدم میں بلا امتیاز غیر قانونی انکروچمنٹ کے خلاف کاروائی پر سیشن جج اور کمشنر سمیت اسسٹینٹ کمشنر، چیف میونسپل آفیسر اور مختیارکار سے اظہار تشکر کے طور پر شہر کے مختلف مقامات ایم۔اے ۔جناح دوڑ،فلڑپلانٹ ،بلدیہ،جوہر آباد،محمدی چوک اور دیگرجگہوں پرپوسٹر لگائے گئے۔
جسمیں بلدیہ انکروچمنٹ سیل کی جانب سے ٹنڈوآدم شہر اور بالخصوص برف کارخانے والی گلی اور جامع مسجد والی گلی میں قائم پتھارے ،ٹھیلے اور غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیے جانے پر اظہار تشکر کیا گیا جبکہ شہر کی سماجی تنظیموں روشن پاکستان ویلفئیر،الفلاح ویلفیئر،فیضی ویلفئیر،پکار ویلفئیر اور خاصخیلی اتحاد ویلفئیر نے اپنے مشترکہ بیان میںٹنڈوآدم میں غیر قانونی انکروچمنٹ کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کرنے پر کہا ہے کہ یہ ایک جرأت مندانہ اقدام ہے۔
خصوصاً برف کارخانی والی اور جامع مسجد والی گلی میں غیر قانونی انکروچمنٹ کے خاتمہ سے عوام بالخصوص خواتین اطمینان وسکون سے پا پیادہ آجا سکتی ہیں جبکہ اس سے قبل خواتین کی ایک بڑی تعدادان ہی گلیوں سے گزر کر بازار کا رخ کیا کرتی تھیں اور اس دوران اوباش لوگ حیاء سوز حرکات کرتے نظر آتے تھے اور مسجد میں آنے والے نمازیوں کو بھی مشکلات کا سامنا تھا مگر اب خواتین کو اس کرب و مشکلات سے چھٹکارا حاصل ہوگیا ہے اور نمایان مسجد بھی خشوع و خضوع کے ساتھ نماز ادا کرتے ہیں۔
جس کا سارا کریڈٹ سیشن جج اور کمشنر سمیت اسسٹینٹ کمشنر، چیف میونسپل آفیسر اور مختیارکار کو جاتا ہے جنھوں نے عوام الناس کے بہترین مفاد میں یہ قدم اٹھایا آخر میں انھوں نے مطالبہ کیا کہ شہر بھرسے غیر قانونی انکروچمنٹ کا مکمل خاتمہ کر کے روبارہ ان غیر قانونی انکروچمنٹ کو قائم کرنے سے روکا جائے تاکہ شہریوں کا امن،چین و سکون برقرار رہ سکے۔