ممبئی / کولہا پور (جیوڈیسک) گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھادی، آئی پی ایل میچزمیں مشتبہ افراد کی گرفتاری کیلیے انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے چھاپے کی اطلاع پولیس اہلکاروں نے ظاہر کردی تھی، اس معاملے پر مہاراشٹرا کے وزیر اعلی دیویندرا فیڈانیوس نے ایکشن لینے کا وعدہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل میچز میں اس مرتبہ بھی سٹے بازی کی اطلاعات منظرعام پر آئی ہیں، اس معاملے پر گذشتہ دنوں انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ ( ای ڈی ) نے دہلی، ممبئی اور جے پور میں 8 مختلف مقامات پر چھاپے مارے تھے، تاہم کچھ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے، جس پر اطلاعات ہیں کہ انھیں پولیس نے پیشگی آگاہ کردیاتھا۔
اس معاملے پر مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ دیویندرا فیڈانیوس نے پولیس میں موجود ان کالی بھیڑوں کیخلاف ایکشن لینے کا وعدہ کیاہے، کولہاپور میں تقریب کے دوران میڈیا کے سوال پر وزیراعلی نے کہا کہ اگر پولیس میں سے کچھ افراد نے ای ڈی حکام کی چھاپے کی پیشگی اطلاع کسی بکیز کو دی ہے تو ہم اس کیخلاف ایکشن لیں گے اور اس میں ملوث پائے جانے والے کسی بھی فرد سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔۔
واضح رہے کہ ای ڈی نے دہلی، ممبئی اور جے پور میں منی لانڈرنگ کے حوالے سے لوگوں کی تلاش کیلیے چھاپہ مار مہم شروع کی ہے، جو آئی پی ایل میں لگائی جانے والی سٹے بازی کی رقم کی منتقلی میں ملوث بتائے جاتے ہیں، ای ڈی حکام کا دعویٰ ہے کہ تھانے نامی علاقے میں موجود مشتبہ بکی انیل جے سنگھانیا نے چھاپے کی اطلاع ملنے پر خود کو بیمار بنالیا۔
آفیشلز جب اس کے گھر پہنچے تو پہلے تو آدھے گھنٹے تک دروازہ ہی نہیں کھلا ، پھر اس کی اہلیہ نے آکر بتایا کہ میرا شوہر بیمار ہے، حکام نے اندر جاکر دیکھا تو وہ بستر پردراز تھا، اسی اثنا بیگم اپنے شوہر کے تمام موبائلز لیکر موقع سے غائب ہوگئی، حکام نے مشتبہ افراد کی گرفتاری کیلیے مذکورہ تین شہروں کے آٹھ مختلف مقامات پر چھاپے مارے تھے۔