ساہیوال (جیوڈیسک) ساہیوال میں پولیس چھاپے کے دوارن اشتہاری ملزم فرار ہونے کی کوشش میں جنگلے میں پھنس گیا ، جنگلے کا آہنی راڈ ملزم کی ٹانگ کے آر پار ہوگیا ، ریسکیو 1122 نے آہنی راڈ کو کاٹ کر ملزم کو نکال لیا۔
ساہیوال کے تھانہ فرید ٹاؤن پولیس نے بوگس چیک کیس کے اشتہاری ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تو ملزم بھاگ کھڑا ہوا۔ پولیس نے پیچھا کیا تو سلاخوں کی باڑ پھلانگتے ہوئے ملزم افتخار کی ٹانگ میں سریا آر پار ہو گیا اور وہ بری طرح سلاخوں میں پھنس گیا جسے نکالنے کے لئے ریسکیو 1122 نے کٹر کے ذریعے سلاخوں کو کاٹ کر ملزم کو نکالا اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا جہاں پر ڈاکٹروں نے سریا کاٹ کر نکالا۔
پولیس کے مطابق ملزم افتخار پر جعلی چیک دینے پر 2013ء میں ایوب نامی شخص نے 3لاکھ کا مقدمہ درج کروایا تھا ۔ ملزم دو سال سے اشتہاری تھا ، پولیس فرید ٹاؤن نے ملزم کو ہسپتال میں اپنی تحویل میں لے لیا۔