کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ضلعی بلدیات کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ شب برات پر زائرین کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے قبرستانوں میں جاری انتظامات کو ہنگامی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے تاکہ شب برات پر اپنے پیاروں کے قبر وں پر آنے والے لوگوں کو کسی بھی قسم کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون میں عظیم پورہ قبرستان کا تفصیلی دورہ کرکے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے تحت شب برات کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،ڈائریکٹر پارکس جاوید قریشی ،ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس عبدالکریم ،ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ اسلم پرویز اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ شاہ فیصل زون میں قائم عظیم پورہ ،جامعہ ملیہ اور کالونی گیٹ قبرستانوں میں قبروں کے درمیان خاردار جھاڑیوں کی کٹائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری اور صفائی وستھرائی کے انتظامات کے حوالے جاری کاموں کو فوری مکمل کیا جائے۔
انہوں نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ قبرستانوں کے ساتھ ساتھ عبادت گاہوں کے اطراف صفائی و ستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن نے رکن صوبائی اسمبلی کو بات یا کہ بلدیہ کورنگی شب برات کے حوالے سے اپنے تینوں زون شاہ فیصل ،کورنگی اورلانڈھی زون میں قبرستانوں کے اندر اور اطراف میں بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے انتظامات کا آغاز کرچکی ہے جو کہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل نگرانی میں جاری ہے انہوں نے یقین دلا یا کہ شب برات کے موقع پر ضلع کورنگی کی حدود میں نہ صرف قبرستانوں اور عبادت گاہوں میں بلکہ علاقائی سطح پر بھی صفائی وستھرائی اور روشنی سمیت بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مثالی انتظامات کو یقینی بنا یا جائیگا اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قبرستانوں میں جھاڑیوں کی کٹائی ،روشنی اور صفائی وستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے انتظامات کو تیز کیا جائے۔