لاہور (جیوڈیسک) میانوالی اور نیازی قبیلے کے سپوت مصباح الحق اٹھائیس مئی انیس سو چوہتر کو پیدا ہوئے۔ کرکٹ اور خاص طور پر بیٹنگ کی خداد داد صلاحیتوں نے اعلی تعلیمیافتہ مصباح الحق کو قومی ہیرو بنایا۔
آٹھ مارچ دو ہزار ایک کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے مصباح الحق نے پچپن میچوں میں تین ہزار آٹھ سو چھیاسی رنز بنائے۔ ایک سو اکسٹھ رنز کی ایک بڑی اننگز کے علاوہ آٹھ سنچریاں اور اٹھائیس نصف سنچریاں بھی ان کی ریکارڈ بُک کا حصہ ہیں۔
مصباح الحق نے پہلا انٹرنیشنل ون ڈے میچ دو ہزار دو میں کیویز ہی کے خلاف کھیلا لیکن اپنی سرزمین پر۔ ایک سو باسٹھ میچوں میں مصباح الحق کے پانچ ہزار ایک سو بائیس رنز ہیں۔ یہ حسن اتفاق ہے کہ وہ ون ڈے کیرئر میں ایک سنچری بھی نہ کر سکے۔
بیالیس نصف سنچریاں ضرور مکمل کیں جبکہ ہائی ایسٹ اسکور چھیانوے رہا۔ انتالیس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں مصباح الحق نے سات سو اٹھاسی رنز بنائے جس میں ستاسی رنز کی ایک ناقابل شکست اننگز بھی شامل ہے۔