گوجرانوالہ : طلاق مانگنے کی رنجش، شوہر نے بیوی اور بیٹے پر تیزاب پھینک دیا

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میں طلاق مانگنے کی رنجش پر نشئی شوہر نے اپنی بیوی اور کم سن بیٹے پر تیزاب پھینک دیا، تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا۔

قلعہ میاں سنگھ کی رہائشی عاصمہ کی شادی کچھ سال قبل تتلے عالی میں قیصر ندیم سے ہوئی ، قیصر نشے کا عادی تھا اور بیوی کو اکثر خرچہ مانگنے پر تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔

خاوند کے تشدد سے تنگ آ کر عاصمہ اپنے تین سالہ بیٹے سکندر کے ہمراہ اپنے میکے چلی گئی اور قیصر سے طلاق کا مطالبہ کر دیا ، اسی رنجش پر آج سحری کے وقت نشئی قیصر اپنے سسرالیوں کی دیوار پھلانگ کر ان کے گھر میں داخل ہوا جہاں اس نے سوتے ہوئے اپنے بیوی اور کم سن بیٹے پر تیزاب پھینک دیا ، جس سے دونوں ماں بیٹا بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے اور قیصر موقع سے فرار ہو گیا۔

عاصمہ کے اہل خانہ نے دونوں ماں بیٹا کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈاکٹرز نے دونوں زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا ہے ، دوسری طرف لدھیوالہ پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔