لاہور (جیوڈیسک) قیادت سنبھالتے ہی ریکارڈز اظہر علی کی جھولی میں گرنے لگے، وہ ہدف کے کامیاب تعاقب میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی قائد بن گئے، انھوں نے دورقیادت میں 2 تھری فیگر اننگز کھیلنے والے انضمام الحق اور شاہد آفریدی کو بھی جوائن کرلیا،گذشتہ 5 میچز کے دوران اوسط اور رن ریٹ میں بھی نمایاں بہتری آگئی۔
اظہر علی کیلیے قیادت کا تاج بطور بیٹسمین بھی بڑا مبارک ثابت ہوا، انھوں نے ٹیم کی کمان سنبھالتے ہی رنز کے انبار لگانا شروع کردیے ہیں،اوپنرنے جمعے کو زمبابوے کیخلاف 102 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی، یوں انھیں ہدف کے کامیاب تعاقب میں سنچری بنانے والے پہلا پاکستانی کپتان بننے کا اعزاز حاصل ہوگیا،اس سے قبل عامر سہیل نے بھارت کیخلاف ٹورنٹو میں 1998میں کھیلے گئے میچ میں 97 رنز بنائے تھے۔
اظہر نے دورقیادت میں 2تھری فیگر اننگز کھیلنے والے سینئرز کو بھی جوائن کرلیا،ان سے قبل انضمام الحق 87 اور آفریدی 38 میچز میں یہ سنگ میل 2،2 بار عبور کرنے میں کامیاب ہوئے تھے،پاکستان کی جانب سے مجموعی طور ون ڈے کرکٹ میں 170 سنچریاں اسکور کی گئیں، ان میں سے صرف 11 کپتانوں کی جانب سے تھیں۔
یاد رہے کہ اظہر علی نے قیادت سنبھالنے سے قبل 14 میچز میں 41.09 کی اوسط اور 64.84 کے اسٹرائیک ریٹ سے 452 رنز اسکور کیے تھے، ان میں 4 ففٹیز شامل رہیں، بعد ازاں کھیلے گئے 5 میچز میں وہ 78.00 کی اوسط اور 91.76 کے اسٹرائیک ریٹ سے 390 رنز بناچکے، اس میں2 ففٹیزاور اتنی ہی تھری فیگر اننگز شامل ہیں۔
ان سے آگے کیوی گلین ٹرنر رہ گئے جنہوں نے قیادت کا آغاز کرتے ہوئے پہلے 5 مقابلوں میں 396 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے کی جانب سے گذشتہ 48 میچز میں صرف 2 تھری فیگر اننگز کھیلی گئی تھیں جبکہ لاہور میں سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلوں میں اتنی ہی سنچریاں بنائی گئیں، 2 مسلسل اننگز میں تھری فیگر اننگزکا یہ چوتھا موقع ہے، ایلٹن چگمبرا اور سکندر رضا سے قبل برینڈن ٹیلر نے رواں سال ورلڈکپ کے 2 میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا، سکندر اپنے آبائی وطن کیخلاف سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی نژاد بیٹسمین بنے۔