کراچی: بلدیہ کورنگی کی جانب سے شاہ فیصل کالونی کے قبرستانوں میں بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے مثالی انتظامات قبرستانوں اور عبادت گاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے جاری انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی رفیق شیخ کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے عظیم پورہ قبرستان کا تفصیلی دورہ کرکے شب برات کے حوالے سے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے تحت انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ گلیوں اور محلوں کی طرح عبادت گاہوں اور قبرستانوں میں صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ بلدیاتی انتظامات کو مستقل بنیادوں پر یقینی بنا یا جائے اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ رفیق شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اسلم پرویز نے شاہ فیصل زون کے تحت شب برات کے حوالے سے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ قبرستانوں اور عبادت گاہوں کے اطراف ایک ہفتے قبل انتظامات کا آغاز کیا گیا تھا جو کے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
اس حوالے سے قبرستانوں اور مساجد و امام بارگاہوں کے منتظمین کی باہمی مشاورت و تعاون کے ذریعے بلدیاتی انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنایا گیا ہے۔بلدیہ کورنگی کے افسران نے ایڈمنسٹریٹر کو بتا یا کہ شاہ فیصل زون کے قبرستانوں میں خار دار جھاڑیوں کی کٹائی اور صفائی وستھرائی کے ساتھ مٹی اور ملبے کے ڈھیروں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگانے کے ساتھ دیواروں پر رونگ و روغن اور شب برات کی رات زائرین کو قبرستانوں میں سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے روشنی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
تمام قبرستانوں میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لئے اسٹینڈ بائی جرنیٹر ز لگا دیئے گئے ہیں اور قبرستانوں کے باہر ٹریفک کے انتظامات کو بہتر بنا نے کے لئے خصوصی اسکواڈ تعینات کیا جائیگا بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے شاہ فیصل زون کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کا معائنہ اور متعلقہ محکموںکو ہدایت کی کہ انتظامات کو بہتر بنا کر عوام کو سہولت پہنچائی جائے اور بلدیاتی انتظامات کی مکمل نگرانی کی جائے۔