کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے کے پی کے میں دھاندلی کے الزامات کے بعد بلدیاتی انتخابات کا کالعدم قرار دیا جانا ہی ملک وقوم اور خود خیبر پختونخواہ حکومت کے حق میں ہے۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے تحریک انصاف کے کارکن کے قتل کے الزام میں خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر ترین رہنما میاں افتخار حسین کی گرفتاری پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے دھرنے اور ریلی کی روایتی سیاست کے بعد اب ریاستی جبر ‘ دھاندلی ‘ غنڈہ گردی اور انتقام پرستی کے سیاسی روایت کا بھی شکار ہوچکے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ تبدیلی محض ایک نعرہ ہے وگرنہ حقیقت میں تو ان کا مشن صرف ”اقتدار ہمارا ہے “ ہی ہے۔
امیر پٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو حکومت کی ناقص حکمت عملی اور سرمایہ داروں و کمیشن خوروں کے ساتھ پٹرول کوٹہ رکھنے والے وزیروں کو نوازنے کیلئے عوام پر مہنگائی کے جہنم کی آگ تیز کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام تحفظ و ریلیف ‘ ملک کو معاشی استحکام اور معاشرے کو بد امنی ‘ لاقانونیت و دہشتگردی سے نجات دلانے میں ناکام حکمران جاتے جاتے ملک و قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ لینے کیلئے مہنگائی کو فروغ دے رہے ہیں۔