کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سانحہ مستونگ میں ملکی اور غیر ملکی عناصر ملوث ہو سکتے ہیں جب کہ دشمن گھناؤنی کارروائیوں سے قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارتی مخالفت سے ان کے عزائم کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
سانحہ مستونگ پر بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکا سے خطاب کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سانحہ مستونگ جیسے واقعات تباہی کی جانب لے جانے اور فرقہ واریت اور تعصب کو ہوا دے کر قوم میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش ہیں جب کہ کچھ لوگ لسانیت کے ذریعے قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
تاہم واقعے کے بعد دونوں اطراف کی قیادت نے سمجھداری کا مظاہرہ کیا جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارت کی جانب سے مخالفت سامنے آنے سے ان کے عزائم کھل کر سامنے آگئے جب کہ چین نے بھارت کے تمام خدشات مسترد کردیئے ہیں۔
چین ملک میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے جس سے ملک میں خوشحالی کا دور دورہ ہوگا، حکومت نے جو بڑے فیصلے کئے ہیں ان سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور انہیں عملی شکل دے کر رہیں گے۔