اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اقتصادی راہداری پر بھارتی بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جنگی جنون کو اقتصادی اور معاشی ترقی کے ذریعے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔ اقتصادی راہداری پر تیسرے ملک کے اعتراضات کسی طور قابل قبول نہیں ہیں۔
اقتصادی راہدری منصوبے کے تھنک ٹینک آر ڈی آئی کی شریک چیئرمین Hongyan Zhang سے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے بھارتی بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی تیسرے ملک کو دو ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے پر اعتراض کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔
بھارتی جنگی جنون کو معاشی ترقی کے ذریعے ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدری منصوبہ حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔
اس منصوبے سے خطے کے 3 ارب عوام استفادہ کریں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا منصوبہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور چینی قیادت کا مشترکہ وژن ہے۔