کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کئے جائیں بلدیہ عظمیٰ کراچی ،ضلعی بلدیاتی ادارے اور واٹر اینڈ سیوریج برساتی نالوں کی صفائی اور سیوریج فلو کی درستگی کو حوالے سے اقدامات کرکے نکاسی آب کا نظام درست بنائے تاکہ دوران برسات عوام کو مسائل سے پاک ماحول کا قیام اور کسی بھی قسم کی دشواری سے بچایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شب برات کے موقع پر عظیم پورہ ،جامعہ ملیہ اور کالونی گیٹ قبرستانوں کا تفصیلی دورہ کرکے شب برات پر بلدیاتی اداروں کی جانب سے انتظامات کا معائنہ اور علاقائی دورہ کرکے بلدیاتی مسائل اور برساتی نالوں کی صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔شب برات کی رات قبرستانوں کے دورے پر عوامی رہنمائی کے لئے قائم کئے گئے کیمپوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر عوام سے شب برات کے حوالے سے سہولیات پر تبادلہ خیال کیا بعد ازاں شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بلدیاتی انتظامات اور برساتی نالوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے برساتی نالوں کی عدم صفائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ برساتی نالوں کی عدم صفائی کی وجہ سے دوران برسات نکاسی آب کا نظام شدید متاثر اور عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی بلدیات کورنگی کو ہدایت کی ہے کہ شاہ فیصل کالونی سے گزرنے والے بڑے برساتی نالے چکورہ نالہ اور گولڈن ٹائون نالہ سمیت شاہ فیصل کالونی اندرونی برساتی نالوں کی صفائی یقینی بنا ئی جائے انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سے بھی کہا کہ برسات سے قبل نکاسی آب کے نظام کی بہتری کو یقینی بنا نے کے لئے سیوریج فلو کو درست کیا جائے۔