کراچی (جیوڈیسک) اداکار وہ ہدایتکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم بینوں کو سنیماؤں کی جانب واپس آنا ہی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے ماضی میں جب بھی اچھی فلمیں بنیں انھیں زبردست پزیرائی ملی اور لوگ سنیماؤں میں آکر فلم دیکھنے پر مجبور ہوئے لیکن غیر معیاری فلموں نے فلم بینوں کو سنیماؤں سے دور کردیا۔
ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ایک طویل عرصہ تک فلم انڈسٹری شدید بحران گزری ہے جو ہماری فلم انڈسٹری کا بہت بڑا المیہ تھا لیکن ہمارے نوجوان دوستوں کی کوششوں سے ہم سب فلم انڈسٹری کو ایک بار پھر عوام کی توجہ کا مرکز بنانے میں کامیاب ہوگئے ،لیکن اب کسی بھی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ،ہمیں معیار کے ساتھ اچھے موضوعات کا بھی انتخاب کرنا ہوگا۔یہ بات انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہی۔
انھوں نے کہا کہ فلم بلاشبہ پاکستان میں بہترین تفریح رہی ہے اور اس دور میں ایسی فلموں کی ضرورت ہے جو اچھے موضوع کے ساتھ بہترین تفریح فلم بینوں کو پہنچا سکے،ٹیلی ویژن انڈسٹری کی کامیابی میں سب سے اہم بات عمدہ تخلیق اور معیار رہا ہے،فلموں میں بھی ہمیں اسی طریقہ کار کو اپنانا ہوگا۔
انھوں نے کہا ان کی فلم’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ مکمل ہوچکی ہے امید ہے یہ فلم عید کے موقع پر نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی،یہ فلم آج کے دور میں عوام کے لیے بہترین تفریحی فلم ثابت ہوگی۔