سعودی عرب نے مساجد پرحملوں میں ملوث 16 مشتبہ ملزمان کی تصاویر جاری کردیں

Suspects

Suspects

جدہ (جیوڈیسک) سعودی عرب کے وزارت داخلہ نے مساجد پر حملوں میں ملوث 16 مشتبہ ملزمان کی تصاویر جاری کردیں جب کہ تمام ملزمان مقامی ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے گزشتہ ہفتے مشرقی شہر دمام اوراس سے قبل القاطف میں 2 مساجد پرحملوں میں ملوث 16 مشتبہ مقامی افراد کی تصاویرجاری کردیں جب کہ ملزمان سے متعلق اطلاع دینے والوں کے لیے 2 لاکھ 70 ہزارڈالرانعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مسلح دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے میں کسی بھی قسم کی معاونت کرنے والے کو 19 لاکھ ڈالرانعام دیا جائے گا۔

مساجد پر حملوں میں ملوث مطلوب افراد میں سعید الراشد، فیصل الزہرانی، سویلم الراویلی، ابراہیم الوزن، عبدالہادی الکوہتانی، عبدالرحیم المطلق، احمد الغامدی، محمد الزوہرانی، ہشام الخدیر، حسن الشمیری، سلطان الشوہری، محسن العتیبی، بسام الحیحی، عبدالرحمان الشوہری، محمد الاونزی اور حسن الکوہتانی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 22 مئی کو سعودی عرب کے شہر القاطف کی مسجد میں خود کش حملے میں 21 افراد جاں بحق جب کہ 29 مئی کو مسجد کے قریب ہونے والے خود کش حملے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔