اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے اگلے کچھ دنوں میں بول کے ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کر دیا جائے گا، وہ پی ایف یو جے کی جانب سے بول کے ملازمین کے حق میں کئے جانے والے مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے۔
اسلام آباد پریس کلب میں پاکستان فیڈرل یونین اف جرنلسٹس نے بول کے ملازمین کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب میں سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وہ مظاہرے میں کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنے بچوں اور خاندان کے افراد کیلئے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ملازمین کو اس بات کا ادراک نہیں تھا کہ بول کے پیچھے کون سے محرکات ہیں ۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مظاہرے سے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ، مشتاق منہاس و دیگر نے خطاب کیا ۔ احتجاج میں صحافیوں اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔