لندن (جیوڈیسک) برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے لگانے کا مقصد عوام کا پولیس پر اعتماد بحال کرنا اور پولیس کے دعوئوں کے ثبوت جمع کرنا ہے۔
خیال رہے کہ لندن میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم کے بعض واقعات پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے یہ شکایات سامنے آئی تھیں کہ پولیس اقلیتوں کے ساتھ نسلی امتیاز کا برتاﺅ کرتی ہے جس کے بعد پولیس پرعوام کی بد اعتمادی میں اضافہ ہوگیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ تجربہ لندن کی پولیس کے 20 ہزار اہلکاروں کی وردیوں میں کیمرے نصب کرنے سے کیا جائے گا۔
لندن کے پولیس کمشنر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ طویل عرصے سے ہمارے ادارے ٹیکنالوجی کی مدد سے حادثات اور وقوعہ کی فوری تفصیلات حاصل کرتے رہے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی ایک کیمرے پر مشتمل ہوتی ہے جو کسی بھی پولیس اہلکار کے یونیفارم کی جیب میں رکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات واقعات کو ریکاڈ میں لانے کے لئے اب ہماری پولیس کے مزید افسر اور اہلکار بھی ان کیمروں کو استعمال کریں گے۔