کراچی ( اسٹاف رپورٹر )عوام کو تحفظ کی فراہمی پر مامور انٹیلی جنس ادارے دہشتگردی کے حوالے سے حکمرانوں کو پیشگی و بروقت رپورٹس اور اطلاعات ارسال کردیتے ہیں۔
مگر لڑاو اور حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا اور آئی ایم ایف و سامراجی قوتوں کے اشارے پر عوام دشمن بجٹ بنانے والے حکمران ان اطلاعات و رپورٹس کو سردخانے کی نذر کرکے امداد کے نام پر اعلانات کے ذریعے قومی خزانے سے اپنی جیبیں گرم کرنے ‘ ٹاسک فورس بناکر منظور نظر افراد کو نوازنے اور مشینری و آلات کے نام پر کمیشن کے حصول کے ساتھ آپریشن کے نام پر سیاسی مخالفین کو کچلنے کیلئے سانحات کے رونما ہونے کا انتظار کرتے ہیں۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر پٹی نے اسلم خان‘ سلیمان راجپوت ‘ یونس سایانی ‘ اقبال ٹائیگر ‘ اقبال چاند ‘ میڈم انیتا ‘ تبسم ناز اور ذکیہ بیگم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے ایک بار پھر کراچی کے دہشتگردوں کی جانب سے کراچی کو ٹارگیٹ کئے جانے کی پیشگی اطلاعات کے بعد کراچی میں فول پروف سیکورٹی انتظامات و اقدامات کے ذریعے عوام کو امن و تحفظ کی فراہمی حکومتی ذمہ داری ہے اسلئے اطلاعات کے باوجود کسی سانحہ کا رونما ہونا حکومت کی غیر ذمہ داری ‘ ناکامی یا عدم سنجیدگی کا ثبوت ہوگا اور اس سانحہ میں ہونے والے جان و مال کے نقصان کی ذمہ دار بھی حکومت ہی کہلائی جائے گی۔