اپوزیشن جماعتیں دوبارہ آ کر بلدیاتی میچ کھیل لیں، پی ٹی آئی تیار ہے: عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

منڈی بہاؤالدین (جیوڈیسک) حلقہ این اے 108 کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا یورپ کی ترقی اور ہماری پسماندگی کا سب سے بڑا فرق تعلیم ہے۔

تعلیم حکومتی ترجیحات میں شامل لیکن تعلیم کی وجہ سے مسلمان دنیا کی سپر پاور رہے۔ خطے میں پاکستان سب سے کم پیسہ تعلیم پر خرچ کرتا ہے لیکن ہم تعلیم کے بجائے میٹرو پر پیسے خرچ کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا تحریک انصاف امیروں سے پیسہ اکٹھا کر کے غریبوں پر خرچ کرے گی اور باہر جو بھی ناجائز پیسہ موجود ہے اسے واپس لے کر آئیں گے۔

مغرب میں امرا سے ٹیکس لے کر عوام پر خرچ کیا جاتا ہے ہمارے ہاں غریبوں کے پیسوں پر امیر عیش کرتے ہیں۔ کہتے ہیں تحریک انصاف اقتدار میں آئے گی تو ملک میں فرقہ واریت ختم کر کے پاکستان کو ایک بنائیں گے اور کراچی سے خیبر تک ایک پاکستان بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا ن لیگ پنجاب، پی پی سندھ تک محدود رہ گئی ہے لیکن تحریک انصاف چھوٹے صوبوں کی پسماندگی دور کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا مسلم لیگ ن نے پنجاب پولیس کو تباہ کر دیا ہے پختونخوا کی پولیس غیر سیاسی ہے ہم مداخلت نہیں کرتے۔

عمران خان نے کہا اے این پی والوں نے پچھلے پانچ سالہ اقتدار کے باوجود بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے اگر تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کروا دیئے ہیں تو اب کہا جا رہا کہ دھاندلی ہو گئی ہے۔

عمران خان نے کہا میں تمام جماعتوں کو چیلنچ کرتا ہوں اگر خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے تو دوبارہ الیکشن کروا لیتے ہیں لیکن اپوزیشن کو پتہ ہے دوبارہ الیکشن میں بھی پی ٹی آئی جیتے گی۔

عمران خان نے کہا میں الیکشن کمیشن سے اپیل کرتا ہوں کہ کے پی کے جن حلقوں پر دھاندلی کا الزام ہے وہاں دوبارہ الیکشن کرائے۔