لاہور (جیوڈیسک) بھارت میں 1984ء میں گولڈن ٹیمپل پر حملے کے واقعے کے خلاف سکھ برادری نے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پنجاب اسمبلی میں یادداشت بھی جمع کرائی جس میں گولڈن ٹمپل واقعے پر اقوام متحدہ میں آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ۔گولڈل ٹیمپل پر حملے کے خلاف خواتین سمیت سکھ برادری کے کئی افراد پنجاب اسمبلی کے سامنے جمع ہوئے اور احتجاجی کیمپ لگایا۔
مظاہرین نے گولڈن ٹیمپل پر حملے میں مارے گئے سکھوں کو خراج عقیدت پیش کیااور بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردار شام سنگھ اور سردار گوپال سنگھ کی قیادت میں وفد نے صوبائی وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو کو یادداشت پیش کی۔
جس میں گولڈن ٹمپل پر حملے کے خلاف آواز اقوام متحدہ میں اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔ سردار شام سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکھ برادری محفوظ ہے،، بھارت جھوٹا اور بے بنیاد پراپیگنڈا کررہا ہے۔