کراچی (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ سمندر میں تیز لہروں کا باعث بن سکتا ہے اس لئے ماہی گیر گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ کراچی سے جنوب اور جنوب مشرق میں 1200 کلومیٹرکے فاصلے پر موجود ہے اور اگلے 24 گھنٹوں میں ہوا کے انتہائی کم دباؤ کے باعث بڑی لہریں اٹھنے کا امکان ہے۔
آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران یہ دباؤ شدید کم ہونے کا خدشہ بھی ہے اس لئے سندھ کے ماہی گیر منگل کی شام سے جمعرات کے دوران جبکہ بلوچستان کے ماہی گیربدھ سے جمعہ کے دوران کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے اکثرعلاقوں میں مطلع صاف ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ مالاکنڈ ، ہزارہ ، ژوب ڈویژن، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔