وزیرستان (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5 اہم کمانڈروں سمیت 19 دہشت گرد ہلاک جب کہ 7 اہلکار بھی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں 19 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ ایک خود کش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں میں 5 اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ وزیرستان میں پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے جس میں اب تک سیکڑوں شدت پسند ہلاک جب کہ درجنوں سیکیورٹی اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔