کراچی : معروف مذہبی اسکالر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے حکومت کی جانب سے روہنگیامسلمانوں کی امداد اور مسئلے کو سلامتی کونسل میں اٹھانے کے اعلان کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومتی اعلانات قابل تحسین ہیں ان پر فوری عمل کیاجائے
حکمرانوں کافرض اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کے امداد کریں،اگرمسلم حکمران اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو مسلمانوںپر کبھی ظلم نہیں ہوگا،حکمرانوں کی نااہلی کے باعث برما میں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں، کشمیر ، فلسطین ، برمااور دیگر تنازعات اس وقت تک حل نہیں ہوسکتے جب تک پوری امت مسلمہ یکجان نہ ہوجائے۔
پیر کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سیجاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ پوری امت مسلمہ کو باہمی اتحادواتفاق سے امت کے مسائل کے حل کی طرف توجہ دینی چاہیے طویل عرصہ سے برما کے مسلمان جس کسمپرسی کی حالت میں بے یارومددگار زندگی گذار رہے ہیں اس کی ذمہ داری مسلم حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے، اگر مسلم حکمران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے تو آج دنیا بھر میں مسلمانوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والا کوئی بھی نہ ہوتا۔
انہوں نے کہاکہ مسلمان جب بھی کوئی آواز بلند کرتے ہیں تو ساری کفریہ طاقتیں یکجان ہوکر اس آواز کو دبانے کی کوششوں میں مصروف ہوجاتی ہیں اور پھر مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے جاتے ہیں اور انہیں چن چن کر قتل کیا جاتاہے ، انہوں نے کہاکہ افغانستان ، عراق ، لیبیا ، مصر ، شام میں جوکچھ ہوا وہ ہمارے سامنے ہے، ایک اسامہ بن لادن کیلئے پورے افغانستان کی سرزمین کو خون سے رنگین کردیا گیا جبکہ دوسری طرف کبھی فلسطین ، کبھی کشمیر، کبھی عراق ، کبھی شام اور برما میں عرصہ دراز سے مسلمانوں کا قتل کیا جارہاہے اور برما کی صورتحال کو دیکھ کر دل خون کے آنسو روتاہے مگر افسوس کوئی پرسان حال نہیں ان کیلئے زمین تنگ کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت برمی مسلمانوںکو جس صورتحال کا سامنا ہے ایسی صورت میں مسلمانوں کے ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ حسب توفیق اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرے اور عالمی برادری سے پوچھا جائے کہ اس انسانیت سوز ظلم پروہ خاموش کیوں ہیںاور مسلم حکمرانوں پر زور دیا جائے کہ وہ برما کی صورتحال کے حوالے سے عالمی سطحی پر آواز بلند کریں ، انہوںنے کہاکہ حکومت برمی مسلمانوں کیلئے اعلان کردہ اقدامات پر جلد عمل درآمد کریں۔مفتی محمدنعیم نے سماجی کارکن ملک ریاض کی طرف سے برماکے مسلمانوں کی امدادکے اعلان پرکہاکہ انھوں نے پاکستانی قوم کے دل جیت لیے ہیں،دوسرے اہل خیرکوبھی ان کی طرح مالی تعاون کرناچاہیے۔