اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج شاہ محمود قریشی اور حکومتی وزرا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ خاص طورپر رانا تنویر اور شاہ محمود قریشی نے تو ایک دوسرے پر چڑھائی کر دی۔
شاہ محمود قریشی اور ن لیگ کے وزار آمنے سامنے آگئے۔ بات صرف لائیوکوریج کے معاملے کی تھی۔
شاہ محمود قریشی نے اعتراض اٹھایا کہ گزشتہ روز خورشید شاہ کی تقریر کے علاوہ کچھ بھی براہ راست نہیں دکھایا گیا اوروہ کہتے ہیں کہ جب اس کا اظہار کیا تو حکومتی وزار غصے میں آگئے لیکن شاہ محمود قریشی کی اس بات پر رانا تنویر چپ نہ رہ سکے۔
پھر دونوں نے ایک دوسرے پر چڑھائی شروع کردی ، شاہ محمود قریشی نےکہا کہ لائیو کوریج نہیں ہو رہی،وزرا پارلیمنٹ میں گولہ باری نہ کریں، یہاں جملے بازی ہو گی تو کارروائی نہیں چلے گی،یہ یہاں بدمعاشی کرتے ہیں۔
پھر رانا تنویر بولے کہ میں تمہارے باپ دادا کو جانتا ہوں،اس تلخ کلامی میں اسمبلی کی کارروائی15 منٹ کیلئے ملتوی بھی کی گئی۔
اس پر اسپیکر نے مداخلت کی اور شاہ محمود قریشی سے سے کہاکہ وہ ان سے اس رویے کی توقع نہیں کررہے تھے، جبکہ رانا تنویر نےبھی اپنے رویے پر معافی مانگ لی۔