سیئول (جیوڈیسک) جنوبی کوریا میں مڈل ایسٹ ریسپائٹری سنڈروم (مرس) سے مرنے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے جب کہ مزید 122 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
جنوبی کوریا میں مرس وائرس کے خدشے کے باعث دارالحکومت سیئول میں کم ازکم 24 سو اسکول بند کردیئے گئے۔ مرس وائرس کے باعث 3 ہزار 800 افراد کو شبے کی بنیاد پر علیحدہ رکھا گیا ہے تاکہ اس مرض کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے، متاثرہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جب کہ مختلف ہسپتالوں سے 641 افراد میں وائرس کے آثار نہ ملنے پرانہیں فارغ کردیا گیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق مرس کے مزید کیسز سامنے آسکتے ہیں جس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نئے مریضوں کو فوری طور پر الگ کر کے علاج کیا جانا ضروری ہے۔ جنوبی کوریا میں مرس وائرس کے باعث معیشت کو بھی شدید دھچکا پہنچا ہے
ہزاروں غیرملکی افراد نے سیئول کا سفر ملتوی کردیا ہے جب کہ گرمیوں میں سیاحوں کی آمد میں 70 فیصد کمی ہوئی ہے، بینکوں نے شرح سود میں بھی کمی کردی ہے۔ واضح رہے کہ مرس 3 سال قبل سعودی عرب میں منظرعام پر آیا تھا جسے مشرقِ وسطیٰ کا وائرس بھی قراردیا جارہا ہے۔