اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے سابق صدر کے بیان کے ردعمل میں کہا کہ سابق صدر نے اپنی کمزوریاں چھپانے کیلئے قومی اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ پیپلز پارٹی کی گرتی ساکھ کی وجہ کوئی ادارہ نہیں ان کی سابقہ حکومت کی کارکردگی ہے۔
قوم کی بقا کے لیے قربانیاں دینے والے قومی ادارے کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کی کوششوں سے کراچی میں امن قائم ہوا۔
رینجرز کی موجودگی اعتماد کا نشان ہے۔ ڈی جی رینجرز نے قانون سے ہٹ کر کوئی بات نہیں کی۔ ایشوز کو سیاسی بیانات کی بھینٹ چڑھانا قوم کی خدمت نہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی پولیس سے تعاون جاری ہے۔ قاتلوں کو جلد کٹہرے میں لائیں گے۔ چودھری نثار علی خان نے امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت رینجرز کی سفارشات عمل کرے گی۔