اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈی جی رینجرز نے جن 24 لوگوں کی فہرست دی ہے انہیں سندھ حکومت بے نقاب کیوں نہیں کرتی؟ ملکی دفاعی اداروں پراس قسم کی تنقید مناسب نہیں مسئلہ دھمکیوں سے نہیں افہام و تفہیم سے حل کرنا ہو گا۔
پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ان اداروں پر جو ملکی دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں، ان پر زرداری صاحب کی تنقید مناسب نہیں۔شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا کہ ڈی جی رینجرز نے اپنی رپورٹ میں جن 24 لوگوں کا ذکر کیا ہے سندھ حکومت انہیں بے نقاب کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ادارہ جو ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ دے رہا ہے اس پر تنقید مناسب نہیں۔
شاہ محمود قریشی کا آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ 5 سال اقتدار میں رہے ، اس وقت آپ نے آئین پامال کرنے والوں کو بے نقاب کیوں نہ کیا ، آپ نے انہیں دھوم دھام سے رخصت کیوں کیا اور اب جبکہ ملکی سرحدوں پر کشیدہ صورتحال ہے ،فوج کئی اطراف سے دشمنوں سے نبرد آزما ہے، اس وقت پاکستان کو استحکام کی ضرورت ہے اور اس قسم کی تنقید مناسب نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کون نہیں جانتا سیاستدانوں میں کرپشن کا ایک عنصر ہے ، جمہوریت پر کوئی حملہ نہیں ہورہا ، جمہوری لوگ جمہوریت کی قدروں کو پہچانتے بھی ہیں اور جمہوریت کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں۔