کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی ہدایت پر بلدیہ کورنگی کے تینوں زون شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں دفتری حدود میں پان ،مین پوری ،گٹکا سمیت دیگر نشہ آوار اشیاء کے استعمال پر پابند ی عائد کردی گئی بلدیہ کورنگی کے اسٹاف اور دفتر آنے والے سائلین مذکورہ پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خلا ف ورزی پر قانونی کاروائی عمل میں لانے کا اعلان کیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران وملازمین سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھر کی طرح گلی اور محلوں کو بھی صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے اقدامات بروئے کار لائیں ،دفاتر کے ماحول کو بہتر بنا کر سائلین کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جائے اور تمام محکمے عوامی خدمات کی انجام دہی کے حوالے سے اپنی کار کردگی کو فعال بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے شاہ فیصل زون میں نائب قاصدوں اور سیکورٹی اسٹاف میں بلدیہ کورنگی کی جانب سے یونیفارم تقسیم کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی مسرور احمد میمن ،ڈائریکٹر ہیلتھ رفیق شیخ ،ڈائریکٹر کونسل ارشاد احمد آرائیں ،ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب سومرو بھی موجود تھے ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر کو صاف ستھرا اور مثالی بنائیں ،دفتری اوقات کی پابندی کریں اور علاقائی سطح پر درپیش بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے عوامی شکایات کو بروقت ازالہ کرنے کے لئے تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لائیں۔