ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن اور انکے بیٹے اوراداکار ابھیشیک بچن پر بھارتی جھنڈے کی بے حرمتی کر نے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کا ضلع غازی آباد کی ایک عدالت میں چیتن دھیمن نامی شہری نے مقدمہ دائر کیا ہے کہ امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے ابھیشیک بچن نے رواں برس 15 فروری کو ایڈیلیڈ میں ہونے والے پاک بھارت کرکٹ میچ کے دوران بھارت کے قومی پرچم کو اس طرح لپیٹا ہوا تھا کہ جس سے اس کی بے حرمتی ہوئی تھی۔
دھیمن چیتن کے وکیل کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران ناصرف دونوں اداکار بلکہ ان کے دیگر 5 ساتھی بھی قومی پرچم کی بے حرمتی میں ملوث ہیں تاہم دونوں اداکاروں کے خلاف مقدمہ قومی عزت ایکٹ 1971 اورپرچم کوڈ 2002 کی دفعات کے تحت درج کریا گیا ہے جس کی رو سے دونوں اداکاروں کو مقدمے کی سماعت کے دوران خود عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا۔