کولمبیا (جیوڈیسک) امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں سیاہ فاموں کے چرچ میں فائرنگ سے 9 افراد ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ کا شبہ ایک سفید فام نوجوان پر کیا جارہا ہے۔
امریکا میں ممکنہ طور پر نسلی تعصب کے ایک اور واقعے نے نو افراد کی جان لے لی۔ یہ واقعہ جنوبی کیرولینا کے علاقے چارلسٹن میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے سیاہ فاموں کے تاریخی چرچ میںگھس کر فائرنگ کردی ۔چارلسٹن کا ایمانوئل چرچ 1891 میں تعمیر کیا گیا تھا جو خطے کے بڑے اور پرانے چرچوں میں سے ایک ہے۔
حملے کے وقت یہاں بائبل کی تعلیم دی جارہی تھی ۔ فائرنگ سے 8 افراد موقع پر ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی نے دم توڑ دیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ فائرنگ ایک سفید فام نوجوان نے کی جس کی عمر تقریباً 21 سال ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق مشتبہ نوجوان کی تلاش جاری ہے۔ ایک شخص کو حراست میں بھی لیا گیا تھا لیکن پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔