کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے افواج پاکستان کے شہدا کے لئے 9 ہزار 600 ایکڑ جنگلات کی زمین دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزیرجنگلات نے این او سی بھی جاری کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے پاک فوج فوج کے شہدا کے لئے محکمہ جنگلات کی 9 ہزار 600 ایکٹرزمین پاک فوج کو دینے کی منظوری دی۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے زمین 500 شہدا کے لواحقین کو زرعی مقاصد کے لیے دی جائے گی جس کے لیے وزیراعلیٰ نے چیف سیکریٹری کو قانونی تقاضے پورے کرکے سمری بھجوانے کی ہدایت جاری کردی ہے جب کہ اس حوالے سے صوبائی وزیر جنگلات نے بھی این او سی جاری کردیا ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج نے شہدا کے لواحقین کے لئے زمین کے حصول کی درخواست 2001 میں سندھ حکومت کو دی تھی۔