لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سائرل نن نے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جرمنی کی توانائی کی بین الاقوامی کمپنی سیمنز کے لارج گیس ٹربائن گلوبل کے صدر اچیم کیورٹ اور کمپنی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے خصوصاً گیس پاور پلانٹس منصوبوں میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جرمن وفد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اوران کی ٹیم انتہائی لگن اورعزم سے کام کر رہی ہے، توانائی کے شعبہ میں پنجاب حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔
ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اورجرمنی کے درمیان بہترین دوستانہ اورتجارتی تعلقات قائم ہیں، پاکستان کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے تیزرفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
پنجاب میں گیس سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے، پنجاب حکومت اپنے وسائل سے 1200 میگاواٹ جبکہ وفاقی حکومت 2400 میگاواٹ کے گیس منصوبے لگائے گی۔