لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ہدف تنقید بنایا وہ لاہور میں ایک افطار ڈنر میں شریک تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز جب کسی عام آدمی کے خلاف آپریشن کرے تو ٹھیک مگر بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالے جائیں تو سیاسی جماعتیں چیخ و پکار شروع کر دیتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی بالا دستی ہونی چاہیے قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اسٹیبلشمنٹ ایک ہی ہیں یہ لڑائی مستقل نہیں یہ رات کی پریشانی اور صبح کی رضا مندی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوام کا برا حال کر دیا ہے۔
شہباز شریف عوام سے وعدے کرتے تھے کہ 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے ورنہ نام تبدیل کر دینا اب شہباز شریف بتائیں ان کا نام کیا رکھا جائے۔ سراج الحق نے آخر میں تمام سیاسی جماعتوں کو پارٹی ایجنڈے چھوڑنے اور متحد ہو کر ملک کی خدمت کرنے کے ایجنڈے پر عملدرآمد کا مشورہ بھی دے ڈالا۔