گوجرانوالہ (جیوڈیسک) ایم این اے چودھری محمود بشیر ورک نے کہا ہے کہ خدمت خلق ہمارا نصب العین ہے، بلدیاتی انتخابات کے نتیجہ میں منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندے گلی محلے کی سطح پر ترقیاتی سکیمیں شروع کرکے وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے عوامی خدمت کے مشن کی تکمیل کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ سے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے اپنے آفس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے عوام کی محرومیوں اور ناانصافیوں کا ازالہ کریں گے اور انہیں تعلیم، صحت، ذرائع مواصلات اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
چودھری محمود بشیر ورک نے کہا کہ جس طرح گلگت بلتستان اور کنٹونمنٹ بورڈ میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے عظیم الشان کامیابی حاصل کی ہے اسی طرح پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواران واضح فتح حاصل کریں گے اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے عوامی خدمت کے ویژن کو جاری و ساری رکھیں گے۔
ملاقات کرنیوالوں میں چودھری نواز حفیظ، محسن نوید چیمہ، شبیر حسین مغل، طاہر فاروق چیمہ، محمد شہباز، انجم سہیل بٹ، عرفان مظفر چیمہ و دیگر شامل تھے۔