واشنگٹن (جیوڈیسک) نائن الیون کے بعد امریکا میں سیکڑوں مسلمانوں کی گرفتاری کے خلاف امریکی حکام پر مقدمہ کر دیا ہے۔
امریکا کی وفاقی اپیلٹ کورٹ میں 8 افراد نے نائن الیون کے بعد امریکا میں سیکڑوں مسلمانوں کی گرفتاریوں کے خلاف درخواست دائر کی ہے جسے عدالت نے سماعت کے لئے منظور کر لیا ہے۔ مقدمہ درج کرانے والے 8 افراد میں 6 مسلمان جب کہ ایک ہندو اور ایک بدھ مت کا ماننے والا ہے۔
درخواست میں اس وقت کے امریکی اٹارنی جنرل اور ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 11 ستمبر 2001 کو امریکا میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد امریکی حکام نے سیکڑوں بے گناہ مسلمانوں کوکئی کئی برس حراست میں رکھ کر ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا۔
واضح رہے کہ نائن الیون کے بعد 729 مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے 491 مسلمان صرف نیویارک میں گرفتار ہوئے تھے۔