ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ میں ہمت والا اور ہمشکل جیسی فلموں میں ناکام رہنے والی اداکارہ تمنا بھاٹیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے بہت کچھ سیکھ لیا ہے اور وہ اب بھارت کی علاقائی فلموں کی طرف توجہ دے رہی ہیں کیونکہ انہیں وہاں اچھا رسپانس مل رہا ہے اس لیے بالی ووڈ میں ہی کام کرنا اس کی ترجیح نہیں رہی اور نہ ہی وہ یہاں کی کسی فلم میں کام حاصل کرنے کے لیے کوششیں کررہی ہے یہ بات انھوں نے بھارتی خبررساں ادارے ’’پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
تمنا بھاٹیہ جو ہدایتکار ایس ایس راج مولی کی فلم ’’بھوبالی‘‘ میں مرکزی کام کررہی ہیں کا کہنا تھا کہ وہ وقت کے ساتھ فلموں کے اتنخاب کے معاملے میں بہت سخت ہوگئی ہیں اور صرف وہی فلمیں سائن کرتی ہیں جن کا نہ صرف اسکرپٹ اچھا ہو بلکہ ان کا کردار بھی ایسا ہے جس میں انھیں اپنی پرفارمنس دکھانے کا موقع مل سکے ۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے بالی ووڈ کی کچھ فلموں میں کام کیا لیکن بدقسمتی سے وہ باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکیں جس سے اس بات کا احساس ہوگیا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان دنوں تامل فلم ’’بھوبالی‘‘ میں مصروف ہوں یہ دو مختلف زبانوں میں بنائی جارہی ہے جب کہ اس کی تشہیر بھی ایک ہندی فلم کی طرح ہی کی جارہی ہے جب کہ ہندی زبان میں اسے کرن جوہر ریلیز کررہے ہیں ۔ اس فلم کے کرنے کے بعد اگر مجھے بالی ووڈ سے کوئی پیشکش ہوئی اور میرا کردار جاندار ہوا تو میں اس پر غور کرسکتی ہوں مگر صرف بالی ووڈ میں دوبارہ انٹری کے لیے کسی بھی فلم میں کام نہیں کروں گی کیونکہ یہ اب میری ترجیح نہیں رہی ہے۔