کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں قیامت خیز گرمی سے ہلاکتوں کی تعداد 970 ہو گئی، اندرون سندھ بھی 49 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ چار روز کے دوران جناح اسپتال میں 6 ہزار سے زائد مریضوں کو لایا گیا۔
بجلی کی بندش بے شمار شہریوں کو اسپتال پہنچانے کا سبب بنی۔ اسپتال میں بھی مریضوں کو بجلی کی عدم فراہمی پر دہرے عذاب سے دوچار ہونا پڑا۔ ۔شدید گرمی سے جاں بحق ہونے والے افراد میں سے اکثریت کی عمریں 40 سال سے زائد تھیں۔
گرمی اور حبس کے باعث سب سے زیادہ ہلاکتیں ملیر، کورنگی، نیوکراچی، سرجانی اور لیاری کے علاقوں میں ہوئیں۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ بڑھتی ہوئی اموات کے باعث مردہ خانوں میں میتیں رکھنے کی گنجائش بھی پوری ہو چکی ہے۔
پاک فوج ، رینجرز اور مختلف سیاسی تنظیموں کی جانب سے ہیٹ سٹرکوس ریلیف سینٹر قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں مریضوں طبی امداد دی جا رہی ہے۔