سکھر (جیوڈیسک) پاک فوج نے گرمی سے متاثرہ افراد کو طبی امداد دینے کے لیے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے 5مقامات پر ایمرجنسی ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کر دئیے ہیں۔
سکھر اور گرد و نواح کے دیگر علاقوں میں 5روز سے شدید گرمی پڑ رہی ہےاور سیکڑوں افراد لو لگنے سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ایسے افراد کی مدد کے لیے پاک فوج نے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے 5 علاقوں میں ایمرجنسی ہیٹ اسٹروک کیمپ قائم کردئیے ہیں جہاں متاثرہ افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
سکھر کے نواحی علاقے سانگی کے بنیادی مرکز صحت میں پاک فوج کے ڈاکٹر متاثرہ افراد کا مکمل معائنہ کرنے کے بعد مفت دوائیں دے رہے ہیں۔ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق لوگوں کو آگاہی بھی دی جارہی ہے۔
پاک آرمی کےہیٹ اسٹروک کیمپ میں جوس اور ٹھنڈے پانی کے ساتھ دیگر سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ یہ فری کیمپ 25 جون تک قائم رہیں گے جہاں اب تک سیکڑوں مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔