نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی اخبار نے بھارتی وزارت دفاع کے میانمار آپریشن کے بعد بلند و بانگ دعووں کی قلعی کھول دی۔ وزارت دفاع نے کہا تھا آپریشن میں سو سے زائد باغی مارے گئے تاہم اب بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں کوئی باغی نہیں مرا۔
میانمر میں آپریشن کے بعد بھارتی سیاستدان اور میڈیا دونوں ہی خوب اچھلے۔ بھارتی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا تھا کہ 9 جون کو میانمر آپریشن میں 100 سے زائد باغیوں کو ہلاک کر دیا گیا لیکن اب اُن تمام بلند و بانگ دعووں کا بھانڈا خود ایک بھارتی اخبار نے پھوڑ دیا ہے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آپریشن میں کوئی باغی نہیں مرا۔ رپورٹ کے مطابق باغی گروہ کے سربراہ نیکی سومی اپنے جنگجوؤں سےرابطے میں ہیں اور وہ بھارتی فوج پر مزید حملے کر سکتے ہیں۔
اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ اگر کوئی باغی نہیں مرا تو جن 100 ہلاکتوں کا دعویٰ بھارتی وزارت دفاع نے پہلے کیا تھا وہ لوگ کون تھے۔