کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی قیادت کی یکے بعد دیگرے دبئی روانگی سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں میں بد دلی پھیلی تو ان کے حوصلے بلند رکھنے کیلئے بلاول بھٹو زرداری نے واپسی کی راہ لی۔
کراچی ایئرپورٹ سے وہ اپنے ساتھوں کے ہمراہ سیدھے بلاول ہاؤس پہنچے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ ملک سے باہر جانے کا مطلب فرار ہونا نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت بھاگی نہیں بلکہ بہت سارے لوگوں کو بھگائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے رحمان ملک نے کہا کہ قائم علی شاہ کو عوام نے منتخب کیا ہے، انہیں تبدیل نہیں کیا جا رہا۔ اینٹی پیپلز پارٹی گروپ افواہیں پھیلا رہا ہے۔
رحمان ملک نے کہا کہ پرویز مشرف جب صدر تھے تو پیپلز پارٹی نے انہیں عزت دی۔ ان کے خلاف مقدمات بھی پیپلز پارٹی نے درج نہیں کرائے۔
انہوں نے کہا فوج پاکستان کے اتحاد کا مظہر ہے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار وفاق کی ذمہ داری ہے لہذا وفاق سے ہی پوچھا جائے۔